blog

شراب کے نقصانات

  • Date:

    Jul 24 2019
  • Writer by:

    Social Media Dawateislami
  • Category:

    Islamic Culture

شراب پینے کا گناہ بہت زیادہ ہے،بظاہر پینے والوں کی نظر میں   شراب سے کچھ سُرور پیدا ہوتا ہے  حقیقت میں نقصان ہی نقصان ہے

شراب سے عقل زائل ہوجاتی ہے، غیرت کا جنازہ نکل جاتا ہے، ماں ، بہن، بیٹی کی تمیز ختم ہوجاتی ہے، عبادت سے دل اکتا جاتا ہے، عبادت کی لذت دل سے نکل جاتی ہے۔

زندگی تباہ و برباد ہوجاتی ہے، پینے  والامحنت سے جی چرانا شروع ہوجاتا ہے وغیرہا۔

ایک روایت میں ہے کہ جبریل امین عَلَیْہِ السَّلَام نے حضور پر نور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ کی بارگاہ میں عرض کیا کہ اللہ  تعالیٰ کو جعفرطیار کی چار خصلتیں پسند ہیں۔ سرکار دوعالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے حضرت جعفر طیار رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے دریافت فرمایا، انہوں نے عرض کی کہ

ایک خصلت تویہ ہے کہ میں نے کبھی شراب نہیں پی، یعنی حرام ہونے  کا حکم نازل ہونے سے پہلے بھی کبھی شراب نہیں پی اور اس کی وجہ یہ تھی کہ میں جانتا تھا کہ اس سے عقل زائل ہوتی ہے ا ور میں چاہتا تھا کہ عقل اور بھی تیز ہو۔

دوسری خصلت یہ ہے کہ زمانہ جاہلیت میں بھی میں نے کبھی بت کی پوجا نہیں کی کیونکہ میں جانتا تھا کہ یہ پتھر ہے نہ نفع دے سکے نہ نقصان۔

تیسری خصلت یہ ہے کہ میں کبھی زنا میں مبتلا نہ ہوا کیونکہ میں اس کو بے غیرتی سمجھتا تھا۔

چوتھی خصلت یہ تھی کہ میں نے کبھی جھوٹ نہیں بولا کیونکہ میں اس کو کمینہ پن خیال کرتاتھا۔ (تفسیرات احمدیہ، البقرۃ، تحت الآیۃ: ۲۱۹، ص۱۰۱ملتقطاً(

سبحان اللہ، کیا سلیم الفِطرت تھے۔

حضرت علی کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے فرمایا کہ اگر شراب کا ایک قطرہ کنویں میں گر جائے پھر اس جگہ منارہ بنایا جائے تو میں اس پر اذان نہ کہوں گااور اگر دریا میں شراب کا قطرہ پڑ جائے پھر دریا خشک ہوجائے اور وہاں گھاس پیدا ہو تومیں اس میں اپنے جانوروں کو نہ چراؤں گا۔ (مدارک، البقرۃ، تحت الآیۃ: ۲۱۹، ص۱۱۳(

سبحان اللہ! گناہ سے کس قدر نفرت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

Share this post:

(0) comments

leave a comment